سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی
Gold price drop
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) دو روزہ اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے زیورات خریدنے کے خواہش مند افراد کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 53 ڈالر کی بڑی کمی کے ساتھ 3290 ڈالر پر آ گئی ہے۔ عالمی سطح پر ہونے والی اس کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی نمایاں طور پر دیکھے گئے۔

مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 5000 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 51 ہزار روپے کا ہو گیا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 4287 روپے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 925 روپے مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،اس کمی کے بعد تولہ چاندی 9 روپے کمی کے ساتھ 3790 روپے جبکہ دس گرام چاندی 8 روپے سستی ہو کر 3249 روپے کی ہو گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی چاندی کے فی اونس نرخ میں 0.09 ڈالر کی کمی ہوئی اور وہ 36.06 ڈالر پر آ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ڈالر سستا، اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار

ماہرینِ معیشت کے مطابق سونے کی قیمتوں میں یہ کمی عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی محتاط پالیسی، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور معاشی غیر یقینی صورتحال کا نتیجہ ہے۔

خیال رہے کہ سونے کے خریداروں کیلئے یہ وقت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو شادیوں یا سرمایہ کاری کیلئے سونا خریدنا چاہتے ہیں۔