ایران اسرائیل جنگ بندی، سونا ہزاروں روپے سستا
 ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر ہونے کے بعد ملکی و عالمی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتیں گر گئیں۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر ہونے کے بعد ملکی و عالمی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتیں گر گئیں۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں 3 ہزار 800 روپے فی تولہ کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ملکی صراف مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 54 ہزار 365 روپے پر آگئی۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 258 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں 10 گرام سونا 3 لاکھ 3 ہزار 810 روپے میں فروخت ہوا۔

جنگ بندی کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 54 ڈالر فی اونس گر گئی جس کے بعد بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3 ہزار 340 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ماہانہ 6 ہزار روپے قسط پر بلاسود موٹر سائیکل حاصل کریں

دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی آج تاریخ کا دوسرا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 6079 پوائنٹس کی غیر معمولی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد مارکیٹ ایک لاکھ 22 ہزار 246 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروباری حجم 80 کروڑ 48 لاکھ حصص رہا جبکہ کاروباری سودے 37 ارب 61 کروڑ روپے میں طے پائے اور سرمایہ کاروں نے ڈھائی ارب ڈالر کا بڑا منافع کمایا، مقامی کرنسی میں منافع کا حجم ریکارڈ 715 ارب روپے رہا اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14 ہزار 778 ارب روپے پر پہنچ گئی۔

ادھر کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے قدر میں استحکام دیکھا جارہا ہے ، آج مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر مزید مستحکم ہوئی، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ہوا، انٹربینک میں ڈالر کا لین دین 283 روپے 77 پیسے پر بند ہوا۔