
معاہدے کے تحت، چینی گروپ پنجاب کے اسپیشل اکنامک زون میں 75 ایکڑ رقبے پر الیکٹرک گاڑیوں کے پلانٹ قائم کرے گا۔
پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین اور چینی کمپنی کے سی ای او بیوان ہان نے MoU پر دستخط کیے۔
چینی گروپ نے الیکٹرک بسوں، کاروں، دو پہیوں والی، تین پہیوں والی اور دیگر برقی گاڑیوں کے کاروبار میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے برقی گاڑیوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کا پلانٹ قائم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت برقی گاڑیوں کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے تیز اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کِیا کی SUV سٹونک ایکس ایک بار پھر مارکیٹ میں آگئی
انہوں نے زور دیا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے شعبے کو فروغ دینا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان تمام سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہے ہیں جو ای-پروڈکٹس، بیٹریز، چارجنگ اسٹیشنز اور برقی گاڑیوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں صنعتی ترقی اور نئی سرمایہ کاری لانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی صنعتوں کے قیام سے عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی سمیت تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سیکیورٹی سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سازگار ماحول کی وجہ سے صوبے میں تیزی سے نئی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
اسکائی ویل نیو انرجی وہیکلز گروپ کے سی ای او نے کہا، ہماری کمپنی نہ صرف مقامی مارکیٹ کے لیے بلکہ برآمدات کے لیے بھی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرے گی۔