ریل مسافروں کیلئے بری خبر، ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ
پاکستان ریلویز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے کرائے بڑھا دیے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ریلویز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے کرائے بڑھا دیے۔

محکمہ ریلوے کی جانب سے مسافر ٹرینوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 3 فیصد اور فریٹ ٹرینوں کے کرایے میں 4 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، مسافر ٹرینوں کیلئے نیا کرایہ نامہ 20 جون جبکہ مال بردار ٹرینوں کے لیے نیا کرایہ نامہ 23 جون سے نافذالعمل ہو گا۔

یاد رہے کہ حکومت نے 16 جون کو پٹرول کی قیمت 4 روپے 80 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 7 روپے 95 پیسے فی لٹر بڑھائی تھی۔

ریلوے کرایوں میں حالیہ اضافے پر عوام نے شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ مہنگائی کے اس دور میں ریلوے سفر ہی واحد سستی سواری بچی تھی، اب وہ بھی مہنگی کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب تاجروں اور معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش اور دیگر اجناس کی ترسیل بھی مہنگی ہو جائے گی جس کا اثر براہ راست عام شہریوں پر پڑے گا۔

عوام کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ریلوے ایک قومی ادارہ ہے اس پر سبسڈی ہونی چاہیے نا کہ بوجھ بڑھایا جائے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 258 روپے 45 پیسے ہوگئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 262 روپے 59 پیسے کا ہوگیا۔