ملک میں ایل پی جی کے تاریخ ساز شارٹ فال کا خدشہ
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے پاکستان میں ایل پی جی کے تاریخ ساز شارٹ فال کا خدشہ ظاہر کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور : (سنو نیوز) چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے پاکستان میں ایل پی جی کے تاریخ ساز شارٹ فال کا خدشہ ظاہر کردیا۔

پاکستان ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ پاک ایران بارڈر سے ایک لاکھ میٹرک ٹن ماہانہ ایل پی جی درآمد کی جاتی تھی ، اس وقت ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث تفتان بارڈر بند ہے جس کے باعث پاکستان میں ایل پی جی کے شارٹ فال کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی ( او جی ڈی سی ایل )کی گیس اس وقت گیس مافیا کے ہاتھ میں ہے ،سمجھ سے باہر مقامی پیداواری گیس زمین گھا گئی یا آسمان نگل گیا؟

عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 5 سے 6 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر سکتی ہے جبکہ فی کلو کی قیمت 450 روپے سے 500 روپے تک متوقع ہے۔

چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے خدشہ ظاہر کیا کہ کمرشل سلنڈر 20 ہزار روپے سے 23 ہزار روپے تک پہنچ جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فوری طور پر ایل پی جی اسٹوریج میں اضافہ کیا جائے ، حکومت کو چاہیے کہ ایل پی جی کی درآمد کا فوری طور پر خصوصی بندوبست کیا جائے،تمام ڈسٹری بیوٹرز اور دکاندار کو چاہیے اپنا سٹاک فل رکھیں ۔