اسٹیٹ بینک نے شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا
interest rate
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے مالی سال 2025 کے اختتام تک شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 یہ اعلان پیر کے روز مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے منعقدہ اجلاس کے بعد سامنے آیا۔ اجلاس کے بعد اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکاری پریس ریلیز میں بتایا گیاہے کہ موجودہ معاشی اشاریے، مہنگائی کی رفتار، اور مالیاتی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے شرح سود کو تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس (1 فیصد) کی کمی کرتے ہوئے اسے 12 فیصد سے کم کر کے 11 فیصد پر لایا تھا۔ یہ کمی مہنگائی میں ممکنہ کمی، روپے کی قدر میں بہتری، اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی جیسے عوامل کے پیش نظر کی گئی تھی۔ تاہم، حالیہ جائزے میں مرکزی بینک نے فیصلہ کیا کہ مزید کمی فی الحال مناسب نہیں، کیونکہ عالمی مالیاتی حالات اب بھی غیر یقینی ہیں اور مقامی سطح پر مہنگائی کی کچھ علامات برقرار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ وہ آنے والے مہینوں میں معاشی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا اور اگر حالات سازگار ہوئے تو مستقبل میں پالیسی ریٹ میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔ مانیٹری پالیسی کا یہ فیصلہ معیشت میں استحکام برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کو اعتماد فراہم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔