
بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے اسی کی بدولت ریکوڈک منصوبے میں عالمی اداروں کی بھاری سرمایہ کاری جاری ہے۔
ریکوڈک منصوبے کے لیے انٹرنیشنل فائنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے پاکستان کو 400 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، ریکوڈک منصوبے میں آئی ایف سی کی کل سرمایہ کاری 700 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
ریکوڈک منصوبے کی لاگت 6.6 بلین ڈالر ہے، مالیاتی اتحاد قرض و سرمایہ سے فنڈ فراہم کرے گا، ریکوڈک سے 37 سال میں 74 ارب ڈالر تک آمدن کی توقع ہے،ریکوڈک منصوبے میں یو ایس ایگزِم، ایشیائی ترقیاتی بینک، کینیڈا اور جاپان کے مالیاتی اداروں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔
آئی ایف سی کے سربراہ مختار ڈیوپ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انفرااسٹرکچر، توانائی اور قدرتی وسائل پر توجہ بڑھا رہے ہیں، پاکستان میں توانائی و قدرتی وسائل میں دوگنا سرمایہ کاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا تانبے اور سونے کا منصوبہ ریکوڈک، 2028 میں پیداوار شروع کرے گا، ریکوڈک سے بلوچستان کی ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
مختار ڈیوپ نے مزید کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور پاکستان کو عالمی معدنیاتی نقشے پر لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔