
میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال کے بعد سرمایہ کار سونے اور امریکی ڈالر میں بڑی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 6.60فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے، عالمی مارکیٹ میں ایک بیرل خام تیل 4 ڈالر 58 سینٹس مہنگا ہوا جس کے بعدفی بیرل خام تیل کی ٹریڈنگ 74 ڈالر میں ہوئی۔
اسی طرح عالمی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت 56 ڈالر فی اونس کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 3 ہزار 458 ڈالر پر پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، جوہری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
علاوہ ازیں کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر انڈیکس میں 0.42 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ، اس سے قبل بدھ تک امریکی ڈالر تین سال کی کم ترین سطح پر تھا جبکہ گزشتہ روز یعنی جمعرات کو امریکی ڈالر انڈیکس 98.33 پر ٹریڈ ہوا۔
دوسری جانب ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد امریکا سمیت عالمی مارکیٹوں میں مندی کا رجحان رہا۔
امریکی سٹاک مارکیٹ میں ڈاؤجونز انڈیکس میں 455 پوائنٹس کمی ریکارڈکی گئی، ڈاؤجونز انڈیکس کی 42ہزار 503 پوائنٹس پر ٹریڈنگ ہوئی جبکہ ایس اینڈ پی 500انڈیکس 0.49 فیصد کمی کے بعد 6016 پر ٹریڈ ہوا، نسڈق انڈیکس میں 95 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، نسڈق انڈیسک 19ہزار 566 پر بند ہوا۔
اس کو بھی پڑھیں: اسرائیلی حملوں میں ایرانی عسکری قیادت کو شدید نقصان، تین اہم رہنما شہید
علاوہ ازیں یورپ کی تمام سٹاک مارکیٹس ریڈ زون میں بند ہوئی، یورپین سٹاک مارکیٹ کے سٹاکس 600انڈیکس میں 0.89 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، سٹاکس 600 انڈیکس 545 پوائنٹس پر بند ہوا۔
جرمنی کے ڈیکس انڈیکس میں 255 پوائنٹس کی مندی ہوئی اور کاروبار کے اختتام پر ڈیکس انڈیکس 23 ہزار 516 پوائنٹس پر بند ہوا، لندن سٹاک مارکیٹ کے فٹ سی انڈیکس میں 34 پوائنٹس کی گراوٹ آئی،فٹ سی انڈیکس 8850 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح فرانس کے سی اے سی انڈیکس میں 80 پوائنٹس کی مندی ہوئی جس کے بعد سی اے سی انڈیکس کی ٹریڈ 7ہزار 684 پوائنٹس پر بند ہوئی۔