پنجاب: 292 مویشی منڈیوں میں 11 لاکھ سے زائد جانور فروخت
عید الاضحیٰ کے موقع پر پنجاب کی 292 مویشی منڈیوں میں 11 لاکھ سے زائد جانور فروخت ہوئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) عید الاضحیٰ کے موقع پر پنجاب کی 292 مویشی منڈیوں میں 11 لاکھ سے زائد جانور فروخت ہوئے۔

محکمہ بلدیات نے پنجاب کی 9 ڈویژنز میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کے اعدادوشمار جاری کردیے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں قائم 292 مویشی منڈیوں میں 15 لاکھ سے زائد جانور فروخت کے لیے لائے گئے جن میں سے 11 لاکھ جانور فروخت ہوئے۔

محکمہ بلدیات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور کی مویشی منڈیوں میں سب سے زیادہ 6 لاکھ 65 ہزار جانور فروخت ہوئے، لاہور میں 4 لاکھ 43ہزار چھوٹے اور 2 لاکھ 22ہزار بڑے جانور فروخت کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں ایک لاکھ 12 ہزار جانور لائے گئے جن میں سے 88 ہزار جانور فروخت ہوئے،بہاولپور ڈویژن میں ایک لاکھ سے زائد جانوروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ بلدیات پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں 38 ہزار چھوٹے اور 30 ہزار بڑے جانور فروخت ہوئے، راولپنڈی کی مویشی منڈیوں میں 84 ہزار جانور لائے گئے جن میں سے 46 ہزار جانور فروخت کیے گئے۔

اسی طرح ساہیوال میں 47 ہزار، سرگودھا میں 94 ہزار جانوروں کی فروخت ہوئے جبکہ گوجرانوالہ میں 10 ہزار اور ملتان میں 16 ہزار جانوروں کی خرید و فروخت دیکھنے میں آئی۔

سیکرٹری بلدیاتی پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نو پرافٹ نو لاس کی بنیاد پر عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی گئیں۔