بلاک چین تعاون کے لیے پاک امریکا شراکت کی نئی راہ ہموار
 پاکستان اور امریکا کے درمیان بلاک چین شراکت کی نئی راہ ہموار ہو گئی۔
فائل فوٹو
نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستان اور امریکا کے درمیان بلاک چین شراکت کی نئی راہ ہموار ہو گئی۔

پاکستان کے وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب کی نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز سے ان کی سرکاری رہائشگاہ گریسی مینشن پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل معیشت اور ویب 3 کے شعبوں میں براہ راست تعاون کی بنیاد رکھی گئی۔

میئر ایڈمز اور وزیر بلال بن ثاقب کے درمیان علم کے تبادلے، صلاحیت سازی اور اسٹریٹجک مشاورت کے پروگرامز میں تعاون پر گفتگو ہوئی تاکہ جدت اور قانون کی پاسداری کو یکجا کیا جا سکے۔

دونوں رہنماؤں نے ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں درپیش چیلنجز اور ممکنہ مواقع پر بھی تفصیل سے بات چیت کی، یہ اہم ملاقات نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کی علامت بنی بلکہ مشترکہ ڈیجیٹل مستقبل کی امید بھی بنی۔

اس موقع پر میئر ایڈمز نے دنیا بھر کے مسلمانوں عید الاضحیٰ کی مبارکباد بھی دی جبکہ پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیویارک کو لاہور سمجھتے ہیں۔

یہ تقریب وزیر مملکت بلال بن ثاقب کے سرکاری امریکی دورے کا آخری اور سب سے اہم پڑاؤ تھی جس کا مقصد بلاک چین اختراعات، عوامی و نجی شراکت داریوں اور عالمی کرپٹو تعاون کو فروغ دینا تھا۔

یہ ملاقات پاک امریکا تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ثابت ہوئی کیونکہ دونوں ممالک کی حکومتیں پہلے ہی کرپٹو کونسلز کے قیام کے ذریعے ڈیجیٹل معیشت کی ذمہ دارانہ ترقی کے لیے اقدامات کر چکی ہیں۔

گریسی مینشن میں ہونے والی اس ملاقات نے نیویارک کے عالمی ٹیکنالوجی میں قائدانہ کردار اور پاکستان کی ڈیجیٹل دنیا میں ابھرتی ہوئی حیثیت کو خوب اجاگر کیا۔