
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کردیئے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے لیے بجلی کی قیمت میں2 روپے 99 پیسے فی یونٹ کی کمی کردی گئی جبکہ کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے بجلی 93 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے بجلی صارفین کو قیمتوں میں کمی کا ریلیف جون کے بلوں میں ملے گا، کے الیکٹرک کے لیے بجلی مارچ 2025 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سستی کی گئی ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ کراچی کے علاوہ باقی ملک کے لیے اپریل 2025 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں کمی کے بعد شہر قائد کے باسیوں کو ریلیف ملے گا تاہم دیگر صوبوں میں اضافے کے باعث عام صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا، اس فیصلے سے کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
دوسری جانب، وزارت توانائی نے کہا ہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ یا کمی توانائی کی عالمی قیمتوں اور ملکی توانائی حکمت عملی پر منحصر ہوتا ہے جس کا اثر مختلف علاقوں پر مختلف انداز میں پڑتا ہے۔