موٹروے پر سفر مزید مہنگا، ٹال ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا
 موٹروے پر سفر کرنا مزید مہنگا ہو گیا، موٹروے پولیس نے ٹال ٹیکس میں اضافہ کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) موٹروے پر سفر کرنا مزید مہنگا ہو گیا، موٹروے پولیس نے ٹال ٹیکس میں اضافہ کردیا۔

موٹروے پولیس کی جانب سے نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والی گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی ٹول چارجز نافذ کردیئے گئے،اضافی ٹول چارجز 15 جون 2025 سے موٹرویز پر لاگو ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد تا لاہور موٹروے پر کار کا نیا ٹول 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے، لاہور تا عبدالحکیم ایم تھری پر کار کے لیے نیا ٹول 1200 روپے ہو گا، پنڈی بھٹیاں تا ملتان ایم فور پر کار کے لیے نیا ٹول 1600 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ملتان تا سکھر ایم فائیو پر کار کا نیا ٹول 1800 روپے کردیا گیا، ڈی آئی خان تا حکلہ ایم 14 پر کار کے لیے ٹول ایک ہزار روپے ہو گیا،حسن ابدال تا مانسہرہ ای 35 ایکسپریس وے پر کار کا ٹول 450 روپے ہو گا۔

لاہور تا اسلام آباد 2ا ور 3 ایکسل ٹرک کا نیا ٹول 7 ہزار 900 روپے ہو گیا جبکہ آرٹی کیولیٹڈ ٹرک کے لیے نیا ٹول 10 ہزار 200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اضافہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات، سکیورٹی اقدامات، سڑکوں کی مرمت و بحالی کے پیش نظر کیا گیا ہے،علاوہ ازیں حکومت کا مقصد ایم ٹیگ سسٹم کو فروغ دینا اور ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانا بھی ہے۔

نان ایم ٹیگ گاڑیوں پر اضافی چارجز اسی پالیسی کا حصہ ہیں تاکہ ای ٹیگنگ کا رجحان بڑھایا جا سکے۔

ٹرانسپورٹرز نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹول ٹیکس کی نئی پالیسی پر نظرِ ثانی کرے اور کم از کم کاروباری مقاصد کے لیے رعایت دے۔