
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملکی سطح پر 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 53 ہزار ایک سو روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ 54 ہزار ایک سو روپے پر پہنچ گئی۔
جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 3 ہزار 583 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب عالمی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی فی اونس قیمتوں میں تیزی کا رجحان رہا، آج بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 10 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد عالمی صرافہ بازاروں میں فی اونس سونا 3357 ڈالر میں ٹریڈ ہوا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی نے سونے کی طلب میں اضافہ کر دیا ہے، اسی رجحان کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں مسلسل اوپر جا رہی ہیں، جس کا براہ راست اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ روپے کی قدر میں کمی اور درآمدی لاگت میں اضافے نے بھی سونے کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔
عوام نے سونے کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سونا (گولڈ) اب صرف امیروں کی چیز بن چکا ہے، متوسط طبقے کے لوگ تو خواب میں بھی سونا خریدنے کا نہیں سوچ سکتے، سونے کی خریداری اب ممکن ہی نہیں رہی، ہر روز قیمت بڑھتی ہے، کوئی کنٹرول نہیں۔