رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ
 رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دس ماہ میں ترسیلات زر، برآمدات اوردرآمدات میں اضافہ ہوا ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا جبکہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ہوئی، رواں مالی سال کے دوران اسٹیٹ بینک ذخائر میں اضافہ رکارڈ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا اپریل ترسیلات زر 30.9 فیصد اضافےسے31 ارب 21 کروڑ ڈالر رہیں ، برآمدات میں10 ماہ کے دوران 6.8 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ درآمدات 11.8 فیصد بڑھ گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی مدت کے دوران برآمدات 27 ارب 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں، جولائی 2024 تا اپریل 2025 کے دوران درآمدات کا حجم 48 ارب 62 کروڑ ڈالر رہا۔

وزارت خزانہ معاشی آؤٹ لگ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اپریل براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 2.8 فیصد کمی سے ایک ارب 78 کروڑ ڈالر سے زائد رہی جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ جولائی تا اپریل ایک ارب 88 کروڑ ڈالرزسرپلس رہا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کےذخائر 9.2ارب ڈالر سے بڑھ کر11.4ارب ڈالرز ہوگئے ،ایف بی آر محصولات میں جولائی تا اپریل 26.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،رواں مالی سال کے دوران نان ٹیکس آمدنی میں69.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔

دوسری جانب مرکزی بینک کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کم ہو گئے، ملک میں مجموعی ذخائر 16ارب 63 کروڑ 67 لاکھ ڈالر ہیں، ایک ہفتہ پہلے زرمبادلہ ذخائر 16 ارب 64 کروڑ 85 لاکھ ڈالر تھے۔

مرکزی بینک کے مطابق سٹیٹ بینک کےزرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے میں 7 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے،سٹیٹ بینک کے پاس 11ارب 51 کروڑ 60 لاکھ ڈالر موجود ہیں، ایک ہفتہ پہلے سٹیٹ بینک کے پاس 11 ارب 44 کروڑ 65 لاکھ ڈالر تھے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر میں 8 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کمی آئی، بینکوں کے پاس 5 ارب 12 کروڑ 7 لاکھ ڈالر ہیں، ایک ہفتہ پہلے بینکوں کے پاس 5 ارب 20 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھے۔