
بجٹ26-2025 کیلئے ٹیکس تجاویز پر کام جاری ہے، وفاقی سیکرٹری خزانہ امداداللہ بوسال کے مطابق بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے نئے بجٹ میں اساتذہ اور سولر پینل صارفین کیلئے خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ سولر پینلز کی درآمد پر اضافی ٹیکس لگانے کا فیصلہ نہیں ہوا، سولر پینلز پر ٹیکس کی شرح بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ البتہ مختلف شعبوں کو حاصل ٹیکس چھوٹ پر نظرثانی کی جارہی ہے جبکہ آئندہ مالی سال سے ٹیچرز کو 25 فیصد انکم ٹیکس ری بیٹ حاصل ہو گا ، رواں سال اساتذہ کو ری بیٹ کی مد میں ریفنڈ دیا جائے گا یا ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔
چیئرمین ایف بی آر کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے انکم ٹیکس سیکنڈ ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی ہے، آئی ایم ایف سے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دلوانے کیلئے کوشاں ہیں ،بعض دیگر شعبوں کو بھی ریلیف دینے کیلئے بات چیت ہورہی ہے۔
دوسری جانب مشیر خزانہ خرم شہزاد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ کا اعلان 10 جون 2025 کو شیڈول کے مطابق ہوگا جبکہ اکنامک سروے 9 جون 2025 کو پیش کیا جائے گا۔