
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملکی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت میں 1400 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 47 ہزار 900 سے بڑھ کر 3 لاکھ 49 ہزار 300 روپے پر پہنچ گئی۔
جیولر ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ مقامی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کے نرخوں میں 1200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں 10 گرام سونا 2 لاکھ 98 ہزار 268 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 99 ہزار 468 روپے کا ہو گیا۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 14ڈالر مہنگا ہوگیا جس بعد عالمی صرافہ بازاروں میں فی اونس سونا 3 ہزار 295 ڈالر سے بڑھ کر 3 ہزار 309ڈالر کی سطح پر آگیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، افراط زر کا دباؤ اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہے ہیں، سرمایہ کار ایک بار پھر محفوظ اثاثوں کی طرف رجوع کر رہے ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی سطح پر سونے کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ملکی سطح پر بھی روپے کی قدر میں ممکنہ کمی، سیاسی و مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور درآمدی ادائیگیوں کے دباؤ کے باعث سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔
جیولرز کا کہنا ہے کہ موجودہ اضافے کے باعث مارکیٹ میں خریداری کا رجحان محدود ہے کیونکہ مہنگائی کی لہر نے عام شہری کی قوت خرید کو شدید متاثر کیا ہے۔