عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی
عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں آج دوسرے روز بھی کمی کا رجحان رہا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں آج دوسرے روز بھی کمی کا رجحان رہا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 600 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ملکی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 51 ہزار 500 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 47 ہزار 900 روپے پر آگئی۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ 24 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کے نرخوں میں بھی 3 ہزار 86 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں 10 گرام سونا 3 لاکھ ایک ہزار 354 سے کم ہو کر 2 لاکھ 98 ہزار 268 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح عالمی صرافہ بازاروں میں آج مسلسل دوسرے روز سونے کے نرخوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، بین الاقوامی صرافہ بازاروں میں فی اونس سونے کے دام میں 36 ڈالرز کی کمی آئی جس کے بعد عالمی صرافہ بازار میں سونے کے دام 3 ہزار 331 ڈالر سے کم ہو کر 3 ہزار 295 ڈالر پر آگئے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں کمی ایک وقتی رجحان بھی ہو سکتا ہے، جو عالمی مالیاتی پالیسیوں اور منڈی میں طلب و رسد کی بنیاد پر تبدیل ہو سکتا ہے، ڈالر کی مضبوطی اور سود کی بلند شرح سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہی ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ سونے کی قیمتوں میں موجودہ کمی کو حتمی یا دیرپا تصور نہ کیا جائے، کیونکہ عالمی حالات کسی بھی وقت قیمتوں میں اتار چڑھاؤ لا سکتے ہیں۔