سونے کی قیمت کو پَر لگ گئے
Gold Price Hike Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) مہنگائی کے مارے عوام کیلئے ایک اور بری خبر، ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 2400 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔

نئے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 38 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2058 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 90 ہزار 209 روپے ہو گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے ہوا ہے۔ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی فی اونس قیمت میں 24 ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد عالمی سطح پر فی اونس سونا 3177 ڈالر کا ہو گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر، عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور مقامی مارکیٹ میں طلب و رسد کی صورتحال سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں سرمایہ کار مہنگائی سے بچاؤ کے لیے سونے کو محفوظ اثاثہ سمجھتے ہوئے اس کی طرف رجوع کر رہے ہیں، جس سے قیمتیں مزید بڑھ رہی ہیں۔

دوسری جانب مقامی جیولرز کا کہنا ہے کہ بلند قیمتوں کے باعث زیورات کی خرید و فروخت میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے،جس وجہ سے عام صارفین کیلئے سونا اب ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔

سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ کا رجحان یہی رہا تو سونے کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔