چینی عوام کیلئے مزید کڑوی، قیمت 175 روپے تک جا پہنچی
Sugar Price Hike Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور بری خبر، ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹ کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 3 روپے 38 پیسے اضافے کے بعد 175 روپے 19 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی کی سب سے زیادہ قیمت 185 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی، جبکہ سب سے زیادہ مہنگی چینی پشاور میں فروخت ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پشاور میں صرف ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس نے دیگر تمام شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے چینی کی اوسط قیمت 171 روپے 81 پیسے فی کلو تھی، جبکہ ایک سال قبل یہی چینی 143 روپے 75 پیسے فی کلو میں دستیاب تھی۔

دوسری جانب چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی کی ایکس مل قیمت 168 روپے فی کلو ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے ریٹیل قیمت 164 روپے مقرر کی گئی تھی، لیکن مارکیٹ میں اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔