گاڑیاں اور آٹو پارٹس کی قیمتوں میں تاریخی کمی کا امکان
حکومت بجٹ 2025 میں ایسی مالیاتی اصلاحات متعارف کرانے جا رہی ہے جن کے نتیجے میں گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے
بجٹ 2025 میں گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) عوام کے لئے اچھی خبر سامنے آگئی۔ حکومت بجٹ 2025 میں ایسی مالیاتی اصلاحات متعارف کرانے جا رہی ہے جن کے نتیجے میں گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، بجٹ میں امپورٹڈ گاڑیوں اور آٹو پارٹس پر عائد ڈیوٹیز میں کمی کی تجاویز زیر غور ہیں۔ اس کا مقصد عام شہریوں کو بہتر قیمت پر معیاری گاڑیاں فراہم کرنا اور مارکیٹ میں مقابلے کو فروغ دینا ہے۔ اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں، تو درآمد شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئے گی، جس سے کاروں کی فروخت میں اضافہ ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ماہانہ 12 ہزار روپے میں موٹر سائیکل حاصل کریں

ذرائع کے مطابق، حکومت 2 فیصد اضافی کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، جو کہ گاڑیوں اور پرزہ جات پر لاگو ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں پر عائد ڈیوٹی کی شرح میں 20 فیصد تک کمی کی تجویز بھی دی جا رہی ہے۔ اس وقت ڈیوٹی سلیبز 15 فیصد سے 90 فیصد تک ہیں، جنہیں کم کر کے عام آدمی کی پہنچ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

متوقع اصلاحات کے نتیجے میں نئی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی، جس سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ خصوصاً متوسط طبقے کے لیے اپنی ذاتی سواری خریدنا زیادہ آسان ہو جائے گا، جبکہ کاروباری حضرات کے لیے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔

اس اقدام سے آٹو انڈسٹری کو فروغ ملے گا، نئی سرمایہ کاری کا امکان پیدا ہوگا، اور مقامی سطح پر پیداوار میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ قیمتوں میں کمی کی صورت میں کاروں کی فروخت بڑھے گی، جس سے نہ صرف صنعت کو استحکام ملے گا بلکہ ملک میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔