
ذرائع کے مطابق بی ایس ای سینسک 900 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 79ہزار 785 پر بند ہوا جبکہ این ایس ای نفٹی ایک فیصد کمی کے ساتھ 24 ہزار 38.25 تک آگیا۔
بھارتی وزارت دفاع کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں میں بے چینی پائی جارہی ہے جس کا اثر مارکیٹ پر واضح نظر آیا۔
علاوہ ازیں دفاعی شعبے کے سٹاک، جیسے ہندوستان ایروناٹکس، بھارت الیکٹرانکس اور مزاگون ڈاک شپ بلڈرز میں پانچ فیصد تک اضافہ دیکھا گیا کیونکہ سرمایہ کاروں نے دفاعی صنعت میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی۔
دوسری جانب بینکنگ اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں نمایاں کمی دیکھی گئی جہاں ایچ ڈی ایف سی بینک اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے شیئرز میں چار فیصد تک گراوٹ دیکھنے میں آئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی کشیدہ سیاسی صورتحال عالمی سرمایہ کاروں کی نظر میں خطرے کی علامت بن جاتی ہے اور اس کا اثر مالیاتی مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ بھارتی سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بھارت کی اہم کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
ادھر امریکا اور یورپی یونین نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے۔
یہ کشیدگی بھارتی معیشت پر کس حد تک اثر ڈالے گی، اس کا انحصار آنے والے دنوں میں ہونے والی پیش رفت پر ہوگا۔