سونے کی قیمت گر گئی
gold price drop
کراچی:(ویب ڈیسک) عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ، جس نے زیورات کے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 2300 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 42 ہزار 200 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1972 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 93 ہزار 381 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس قیمت 23 ڈالر کم ہو کر 3240 ڈالر ہو گئی ہے۔

ماہرینِ معیشت کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاری کے رجحانات میں تبدیلی اس کمی کی اہم وجوہات ہیں۔

صرافہ بازار سے وابستہ کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے، جو شادیوں کے سیزن میں عام عوام کیلئے ایک اچھی خبر ہو سکتی ہے۔

خریداروں کی بڑی تعداد نے سونے کی گرتی قیمت کا فائدہ اٹھانے کیلئے مارکیٹ کا رخ کر لیا ہے، آنے والے دنوں میں زیورات کی خریداری میں اضافہ متوقع ہے۔