مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی
کئی روز سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد بالآخر مقامی اور عالمی مارکیٹ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کئی روز سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد بالآخر مقامی اور عالمی مارکیٹ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 11ہزار 700 روپے کی بڑی کمی ہوئی جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 52 ہزار روپے پر آگئی ۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار 31 روپے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں 10 گرام سونا 3 لاکھ ایک ہزار 783 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی کئی روز اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 116 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 3 ہزار 338 ڈالر فی اونس رہ گئی ہے۔

یہ گراوٹ اس وقت دیکھنے میں آئی ہے جب کئی دنوں سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا۔

ماہرین کے مطابق اس اچانک کمی کی ممکنہ وجوہات میں عالمی مالیاتی پالیسیوں، ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور سرمایہ کاروں کی پالیسی میں ردوبدل شامل ہو سکتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں یہ کمی وقتی ہو سکتی ہے، مگر معاشی لحاظ سے یہ رجحان خوش آئند ہے، جو مالیاتی منڈیوں میں استحکام کی نوید دے رہا ہے۔