جائیداد خریدنے اور بیچنے والے افراد کیلئے خوشخبری
Federal Excise Duty Removal
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے جڑے افراد کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس سے نہ صرف فائلرز بلکہ نان فائلرز کو بھی برابر کا ریلیف ملے گا۔

خیال رہے کہ جولائی 2024 میں متعارف کروائی گئی 3 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فائلرز کیلئے، جبکہ 5 فیصد ڈیوٹی نان فائلرز کیلئے لاگو کی گئی تھی۔ تاہم اب دونوں کیٹیگریز سے مکمل طور پر یہ ڈیوٹی ختم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں بہتری لانا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام ریئل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے۔ اس سے نہ صرف پراپرٹی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا بلکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی اور سرمایہ کاری میں اضافہ بھی متوقع ہے۔

اس کے ساتھ ہی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا ابتدائی مسودہ بھی منظور کر لیا گیا ہے، جس میں کئی اہم سفارشات شامل کی گئی ہیں جن میں شہری منصوبہ بندی، نئے شہروں کی تعمیر، مائیکرو فنانسنگ، مقامی تعمیراتی مواد کا استعمال، زراعت کا تحفظ اور تعمیراتی صنعت کا فروغ شامل ہیں۔

کنسٹرکشن ڈیویلپر حماد لیاقت چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جو رئیل اسٹیٹ کی ٹاسک فورس بنائی تھی، اسے فوری بحال کیا جائے تاکہ نہ صرف لوکل انڈسٹری کو فروغ ملے بلکہ فارن انویسٹمنٹ بھی آئے۔