
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مندی کے رجحان کے ساتھ ہوا،جس کے باعث انڈیکس میں 366 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 100 انڈیکس 366 پوائنٹس گر کر 1,18,064 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جو گزشتہ روز کے 1,18,430 پوائنٹس کے اختتامی لیول سے خاصی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
مارکیٹ میں عدم استحکام کی فضا اور سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال کو اس مندی کی بنیادی وجوہات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کو قدرے ریلیف ملا ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 10 پیسے کم ہو کر 280.67 روپے پر آ گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں یہ معمولی کمی درآمدی ادائیگیوں میں کمی اور ترسیلات زر میں بہتری کے باعث دیکھنے میں آئی ہے۔
کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں استحکام لانے کیلئے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہوگا، جبکہ روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کیلئے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ناگزیر ہے۔