چار ماہ کے دوران سونے کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟
Gold price increase
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) 2025 کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان میں سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

یکم جنوری 2025 سے 20 اپریل 2025 تک کے اعداد و شمار کے مطابق سونے کی قیمت میں 77 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 66 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا۔

جنوری میں سونے کی فی تولہ قیمت تقریبا 2 لاکھ 72 ہزار روپے تھی، جو اب بڑھ کر 3 لاکھ 49 ہزار 700 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

یہ اضافہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال اور سونے کی مانگ میں اضافے کا نتیجہ ہے۔ چند دن قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 3150 ڈالرز کے قریب تھی، جو اب بڑھ کر 3326 ڈالرز فی اونس تک جا پہنچی ہے، جس سے سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر ہو رہا ہے۔

پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اثر عام لوگوں پر بھی پڑ رہا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو شادیوں یا دیگر تقریبات کیلئے سونا خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق عالمی اقتصادی صورتحال اور سونے کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر مزید قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔