
سونا ایک تولہ 1800 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 40 ہزار 600 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جو ملکی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1543 روپے مہنگا ہو کر پہلی بار 2 لاکھ 92 ہزار 9 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔ سونے کی قیمت میں اس مسلسل اضافے نے نہ صرف خریداروں کو متاثر کیا، بلکہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کیلئے سونا خریدنے والوں کیلئے بھی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی،جو کہ 3234 روپے پر مستحکم رہی۔
خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں سونا 17 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 3236 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کار سونے کی طرف راغب ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتیں مسلسل اوپر جا رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو سونے کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس سے مقامی مارکیٹ پر بھی براہ راست اثر پڑے گا۔



