پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
Petroleum prices drop Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث پاکستان میں آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

 ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 64.71 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جو حالیہ مہینوں کی کم ترین سطح ہے۔اس کمی کے بعد ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 70 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے، اسی لیے امکان ہے کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ مکمل طور پر عوام تک نہ پہنچے، بلکہ جی ایس ٹی کی شرح میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ حکومتی ریونیو میں کمی نہ آئے۔

یاد رہے کہ 31 مارچ کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی بجائے بجلی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کی تھی، جس پر عوامی حلقوں نے تنقید بھی کی تھی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس بار عالمی منڈی کے رجحان کا فائدہ براہِ راست عوام کو دیتی ہے یا پھر ٹیکسز کی مد میں اس کا اثر زائل کر دیا جاتا ہے۔