
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ اسکیم کو مزید سہل اور مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
اجلاس میں دونوں منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں وزیراعلیٰ نے کاروباری افراد کو ان کی ضروریات کے مطابق قرض فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ نئے کاروباری یونٹس قائم کرنے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاکہ نوجوانوں کو خود روزگاری کے مواقع میسر آئیں۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 80 ہزار سے زائد افراد کی جانب سے قرض کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔ ان میں ٹرانسپورٹ، فارماسوٹیکل، اور دیگر چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد شامل ہیں، جبکہ آسان کاروبار کارڈ اور فنانس اسکیم کے تحت 34 ہزار سے زائد کاروباری افراد کو باقاعدہ قرض جاری کیا جا چکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے تمام افراد سے فیڈ بیک حاصل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ اسکیم کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام صوبے میں معاشی استحکام اور روزگار کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔