
وفاقی وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لٹر کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد فی لٹر پٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مٹی کے تیل کی قیمت کے بارے میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی 70 روپے فی لٹر پر برقرار رکھی ہے ، حکومت کو اپریل کے پندرہ دنوں میں اضافی پٹرولیم لیوی سے 15 ارب روپے کی آمدن ہو گی۔
دوسری جانب شہریوں پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتیں بڑھاتے وقت زیادہ بڑھا دی جاتی ہیں جبکہ کمی کے وقت صرف ایک روپیہ کمی عوام کو بہلانے کے مترادف ہے۔