
ملک کے پہلے ای وی چارجنگ سٹیشن کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری کا کہنا تھا کہ ہم ماضی کی حکومتوں کی طرح نہیں ہیں، بجلی کی قیمتوں میں جلد کمی ہو گی، وزیراعظم آئندہ چند دنوں میں بجلی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی پاکستان کا مستقبل ہے، حکومت گرین انرجی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، الیکٹرک چارجنگ یونٹ کی قیمت 71 روپے سے کم کر کے 39 روپے کردی گئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی، نجی سیکٹر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں مستقبل مزید گرین اور صاف توانائی کا ہو گا، سوشل میڈیا پر حکومت کیخلاف پراپیگنڈا کیا جاتا ہے، عوام سے التماس ہے سوشل میڈیا پر زیادہ دھیان نہ دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم 23 مارچ کو بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے تاہم 23 مارچ کو وزیراعظم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔



