
آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ، اجلاس کے بعد کمیٹی کے رکن رضا عباس نے مرکزی رہنما نعمان بٹ و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کی۔
رضا عباس نے 4 مارچ کو ڈی ریگولیشن کیخلاف ہونے والی پٹرولیم مصنوعات کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک گیر ہڑتال کی کال غیر معینہ مدت کیلئے ہوگی، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت پٹرولیم کی جانب سے چند مخصوص کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے ، ڈی ریگولیشن ذریعے پٹرولیم سیکٹر کو چند لوگوں کے ہاتھوں یرغمال بنایا جارہا ہے، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر 4 مارچ کو کراچی سمیت سندھ بھر میں پٹرول پمپس بند رہیں گے۔
آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما نعمان بٹ نے اس حوالے سے کہا کہ ڈی ریگولیشن کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، وزارت پٹرولیم نے ڈی ریگولیشن پر ڈیلرز نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا، ڈیلرز کو مجوزہ ڈی ریگولیشن کے فارمولے کا علم نہیں ہے۔
نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ وزیر پٹرولیم کی جانب سے ریفائنریز کو 5 فیصد ایتھانول استعمال کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے لیکن مقامی ریفائنریز کے پاس ایتھانول کے ساتھ کوالٹی پٹرولیم مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ، ڈی ریگولیشن سے معیاری پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی ممکن نہیں ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ریگولیشن کا براہ راست اثر صارفین پر پڑے گا، ایک معروف ڈیلر غیر رجسٹرڈ ایسوسی ایشن چلارہے ہیں، آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن وزارت میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے۔