آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا سوچیں گے: وزیر خزانہ
Finance Minister Muhammad Aurangzaib
لاہور: (سنو نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، سٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے، پاکستانی روپے کی قدر بھی بہتر ہو رہی ہے اور پالیسی ریٹ میں بھی کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کی بنیاد بن گئی ہے، اب ہمیں پائیدار ترقی کی طرف جانا ہے، ایف بی آر میں اصلاحات پر کام کررہے ہیں، ٹیکس اتھارٹی میں بھی بہتری لائی جارہی ہے تاکہ لوگوں میں ٹیکس دینے کا رجحان بڑھے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بجٹ سے پہلے کاروباری برادری سے ملاقاتیں کررہے ہیں ، تاجر برادری کی تجاویز سے بجٹ لائیں گے، ہمیں ادراک ہے تنخواہ دار طبقے پر بہت بوجھ ہے، کوشش کریں گے آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کریں ، تمام شعبوں کو ملکی معیشت میں کردار ادا کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ میں سعودی عرب، دبئی، واشنگٹن سمیت دیگر ممالک سے ہو کر آیا ہو مجھے کہیں بھی اوورسیز کی ناراضگی نظر نہیں آئی، ہم اوورسیز پاکستانیوں کے مشکور ہیں، امید ہے اس سال ترسیلات زرمیں مزید اضافہ ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت تعمیراتی سیکٹر کی سپورٹ کیلئے کام کررہی ہے، ریئل سٹیٹ سیکٹر میں سٹے بازی نہیں چلنے دیں گے۔