لاہور: (ویب ڈیسک) انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے جس کے باعث ویب سائٹ تک رسائی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ کے تکنیکی مسائل کے ازالے کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا، یقینی بنائیں گے کہ کوئی شہری ٹیکس ریٹرن جمع کرانے سے محروم نہ رہے۔ ایف بی آر کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے ایف بی آر کے دفاتر آج بھی کھلے رہیں گے۔ ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے 30 ستمبر (آج) تک کا وقت دیا ہوا ہے جس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کے دوران سسٹم پر بہت بوجھ ہے، رواں سال 28 ستمبر تک 29 لاکھ گوشوارے جمع ہو چکے ہیں، گزشتہ سال 28 ستمبر تک 14 لاکھ گوشوارے جمع ہوئے تھے۔
ادھر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کے اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔