اوپن مارکیٹ: ڈالر کی قدرمیں اچانک بڑا اضافہ
Image
کراچی:(سنو نیوز) اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے مہنگا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 282 روپے 50 پیسے کا ہو گیا، انٹربینک میں بھی ڈالر کی قدر میں 43 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، انٹربینک میں ڈالر 281 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ گذشتہ ہفتے ڈالر 280 روپے 57 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسرے ممالک کی کرنسی کو دیکھیں تویورو بھی 1 روپے اضافے سے 298 روپے کا ہوگیا، برطانوی پاؤنڈ 50 پیسے مہنگا ہو کر 343.50 روپے کا ہوگیا جبکہ اماراتی درہم 30 پیسے مہنگا ہوکر 79.50 روپے کا ہوگیا اورسعودی ریال 40 پیسے اضافے سے 75 روپے 90 پیسے کا ہوگیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے دن پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت آغاز دیکھا گیا، پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 198 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ہنڈریڈ انڈیکس 51 ہزار 142 کی سطح پر موجود ہے۔ دوسری جانب تاریخ کی بلند ترین شرح سود نے بینکوں کو مالا مال کر دیا ہے، رواں سال کے نو ماہ میں بینکوں کی سودی آمدنی 1000 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے مطابق جنوری تا ستمبر بینکوں نے 1,258 ارب روپے سودی آمدنی میں کمائے، بینکوں کی غیر سودی آمدنی 241 ارب روپے رہی، 9 ماہ میں بینکوں نے 420 ارب روپے کا خالص منافع کمایا، ا یک سال پہلے بینکوں کی سودی آمدنی 745 ارب روپے تھی، ایک سال میں بینکوں کی سودی آمدنی 70 فیصد اضافہ ہوا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 12 پیسے اضافہ ہوا تھا، انٹربینک میں ڈالر 280 روپے کا ہو گیا تھا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا تھا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 282 روپے پر برقرار رہا، گذشتہ ہفتے اوپن مارکیٹ میں یورو 297 روپے پر مستحکم ، برطانوی پاؤنڈ 342.50 روپے پر برقرار رہا، اماراتی درہم 78 روپے 90 پیسے پر مستحکم جبکہ سعودی ریال 20 پیسے اضافے سے 75.20 روپے پر آ گیا تھا۔ گذشتہ ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھا گیا تھا، 100 انڈیکس 122 پوائنٹس تیزی سے 51150 کی سطح پر ٹریڈ ہوتا رہا تھا۔ گذشتہ ہفتے کے آخری روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر شدید مندی دیکھی گئی تھی، 100 انڈیکس میں 402 پوائنٹس کی کمی رہی، انڈیکس 50 ہزار 668 کی سطح پر ٹریڈ ہوا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری واضح رہے کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آٹھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، ستمبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی بڑی انویسٹمنٹ کی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 54 فیصد کا اضافہ ہوا، رواں مالی سال کی پہلی سہ میں 40 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی۔ روپے کی قیمت میں غیر یقینی صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سٹاک اور بانڈ مارکیٹ زیادہ پرکشش نہیں رہی، تین ماہ میں اسٹاک مارکیٹ میں صرف 95 لاکھ ڈالر کی انویسٹمنٹ آئی۔ بانڈز مارکیٹ میں دو لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔ 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے ساتھ چین پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار ملک رہا۔