غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولوکاسٹ دیکھ رہے ہیں: نگران وزیراعظم
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولوکاسٹ دیکھ رہے ہیں، غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، پیشہ ورفوجیں بچوں کا قتل عام نہیں کرتیں۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے، حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، زارا الرٹ ایپ کا اجرا بچوں کے حقوق کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کی بہتری کیلئے کام کریں، غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں، غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران شہید بچوں کی تعداد زیادہ ہے، اقوام متحدہ انسانی حقوق کے معاملے پر اپنے مقاصد سے ہٹ رہی ہے۔ سائفر کیس: عمران خان کیخلاف ٹرائل روکنے کے حکم میں کل تک توسیع انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری بربریت فوری ختم ہونی چاہیے، دنیا بھر کے لوگ فلسطین میں جاری مظالم کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں، جو ظلم فلسطین میں ہو رہا ہے اس کا کسی مذہب سے تعلق نہیں، افسوس، فلسطین کے معاملے پر خود کو بے بس محسوس کر رہا ہوں، جو کچھ فلسطین میں ہو رہا ہے اس کے نتائج دنیا جلد دیکھے گی۔ نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ فوری روکا جائے، غزہ میں ظلم کو مذہب سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے، ہم غزہ کے سامنے شرمندہ ہیں، معصوم بچوں کا قتل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے، پاکستان غزہ میں ہونیوالی نسل کشی کیخلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔