سرکاری اداروں میں فرح گوگی نیٹ ورک کی تلاش جاری
Image

لاہور: (سنو انویسٹی گیشن سیل ) پنجاب کے سرکاری اداروں میںموجود فرح گوگی نیٹ ورک کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم کو محکمہ ایکسائز کے سابق ای ٹی او مسعود بشیر وڑائچ کے خلاف فرح گوگی کے لئے منتھلی اکٹھی کرنے کے اہم شواہد مل گئے ہیں۔

سنو نیوز کے انویسٹی گیشن سیل کی رپورٹ کے مطابق ایکسائز انسپکٹرز کے ذریعے راولپنڈی اور لاہور کے ہوٹلز میں قائم ونڈ شاپس پر کوٹہ سے زائد شراب کی فروخت کی مد میں ماہانہ بنیادوں پر رقم اکٹھی کی جاتی رہی۔ایکسائز افسروں کی جلد گرفتاریوں کا امکا ن ہے۔

تفصیل کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے دور میں بیوروکریسی کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کے افسروں کےخلاف بھی فرح گوگی کو بھاری رشوت دے کر من پسند آسامیوں پر تعیناتیاں حاصل کرنے کے شواہد مل گئےہیں۔

اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم نےفرح گوگی کے ذریعے پُرکشش آسامیوں پر تعیناتیاں حاصل کرنے والے ای ٹی اوز کی تفصیلات اکٹھی کرلی ہیں۔ محکمہ ایکسائز کے کئی ای ٹی اوز فرح گوگی کو رشوت دے کر پُرکشش آسامیوں پر تعیناتیاں حاصل کرتے رہے۔

اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق سابق ای ٹی او مسعود بشیر وڑائچ فرنٹ مینز کے ذریعے فرح گوگی کیلئے منتھلی اکٹھی کرتے تھے۔ سابق ای ٹی او مسعود بشیر وڑائچ سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی کے عزیزبھی ہیں۔

مسعود بشیر وڑائچ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی اہم ترین آسامیوں پر تقرروتبادلوں میں کلیدی کردار اداکرتے رہے۔ اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ مسعود بشیر وڑائچ پنجاب کی تمام ونڈ شاپس سے انسپکٹر عقیل اور افتخار کے ذریعے منتھلی اکٹھی کرتے رہےجبکہ راولپنڈی میں انسپکٹر جہانگیر خان کے ذریعے ماہانہ بنیادوں پر رقم اکٹھی کرتے رہے۔

ذرائع کے مطابق ای ٹی او فرخ سعید بٹ بھی ونڈ شاپس سے منتھلی اکٹھی کرکے دیتے رہے-ایکسائز انسپکٹرز ملی بھگت کرکے کوٹہ سے کئی گنا زائد الکوحل کی فروخت کی اجازت دے کر سرکاری خزانے کو بھاری نقصان سے دوچار کرتے رہے۔ الکوحل کی کوٹہ سے زائد فروخت کے بدلے ونڈ شاپس سے بھاری رشوت لی جاتی رہی۔

اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق لاہور کے نجی ہوٹلز کی ونڈ شاپس سے ہر ماہ بھاری رقوم اکٹھی کرکے مسعود وڑائچ کو پہنچائی جاتی رہیں ۔ اینٹی کرپشن نے محکمہ ایکسائز سے فرح گوگی نیٹ ورک کا حصہ رہنے والے مزید افسروں کی نشاندہی کا عمل بھی تیز کردیاہے۔ محکمہ ایکسائز سے جلد گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

اینٹی کرپشن نے اہم آسامیوں پر ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں 45 کروڑ روپے سے زائد کی رشوت کے شواہد اکٹھے کرکے مقدمہ درج کررکھاہے۔ اینٹی کرپشن نے افسروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں کرپشن پر سابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو ایف آئی آر میں نامزد کررکھا ہے۔ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی،سینئر بیوروکریٹ طاہر خورشید،سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ ،سابق ڈی سی لاہور صالحہ سعید،سابق ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم،سابق ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل خواجہ بھی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔

اسی طرح فرح گوگی کا پرسنل سیکرٹری محمد آصف،بشرٰی بی بی کے بیٹے ابراہیم مانیکا بھی بیوروکریسی کی ٹرانسفر پوسٹنگ میں ملوث ہونےکی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔ اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم ضلعی انتظامیہ،سی اینڈ ڈبلیو،محکمہ کواپریٹیو،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، محکمہ لیبر ،سوشل سکیورٹی سمیت مختلف محکموں میں فرح گوگی نیٹ ورک کےخلاف شواہد اکٹھے کررہی ہے۔

404 - Page not found

The page you are looking for might have been removed had its name changed or is temporarily unavailable.

Go To Homepage