محسن نقوی کا ملتان میں 5 منصوبوں کا افتتاح
Image

ملتان:(سنونیوز)نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا جنوبی پنجاب کے عوام کو سہولت اور ریلیف کی فراہمی کے لئے ملتان کادورہ ، اربوں روپے کے 5 بڑے فلاحی منصوبوں کا افتتاح۔

وزیر اعلی کا جنوبی پنجاب کیلئے ایک اور تحفہ،جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے چلڈرن ہسپتال کی 100بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ نئی ایمرجنسی فنکشنل ہو گئی۔وزیراعلی محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نئی ایمرجنسی کا افتتاح کیااورہسپتال کی او پی ڈی،پتھالوجی اور دیگر شعبوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔

محسن نقوی نے ملتان کے تحصیل آفس میں پنجاب کے چوتھے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔ 2سال سے تعطل کا شکار تین بڑی سڑکوں کے منصوبے بھی چند ماہ میں مکمل ہو گئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے جلالپور پیروالہ میں تعمیر و بحالی کے بعد 3 بڑی سڑکوں کا افتتاح کیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے48کلو میٹر طویل شجا ع آباد، جلالپور پیر والہ روڈ، 17کلو میٹر طویل جلالپور تا پرمٹ روڈ اور15کلو میٹر طویل بستی ملوک، شجاع آبادروڈ کا افتتاح کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے شجاع آباد فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

وزیراعلی نے حضرت شاہ شمس تبریز کے مزارکی ا پ گریڈیشن کے کاموں کا بھی معائنہ کیا اور مزار پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نئی ایمرجنسی کے افتتاح کے بعدنئے ایمرجنسی بلاک،نئی اوپی ڈی اورپتھالوجی کادورہ کیا اوربچوں کے علاج معالجے کیلئے فراہم کردہ جدید طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی نے فارمیسی، او پی ڈی اور لیب میں ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کا معائنہ کیا اور بچوں کے لئے قائم مختلف سہولیات دیکھیں۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈاکٹر ز سے ملاقات کی اور انہیں ہسپتال کی اونر شپ لینے کی تلقین کی۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 100بیڈ کی چلڈرن ایمرجنسی میں ٹرائج سروسز، میڈیکل ایمرجنسی، سرجیکل ایمرجنسی، بچوں کے لئے ایمرجنسی شامل ہے۔

ملتان چلڈرن ایمرجنسی کے انتظامات میں چائلڈ لائف فاونڈیشن معاونت کرے گی۔ملتان چلڈرن ہسپتال ایمرجنسی کو میو ہسپتال کی سٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن ایمرجنسی کی طرز پر بنایا گیا ہے۔فاطمہ فرٹیلائزرز، فواد مختاراور ان کی ہمشیرہ کی جانب سے چائلڈ لائف فاونڈیشن کے زیر انتظام چلڈرن ہسپتال کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔

وزیر اعلی نے ملتان میں چلڈرن ہسپتال کے سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن ہسپتال ملتان کی حالت انتہائی ابتر تھی۔ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کو چیلنج سمجھ کر کام کررہے ہیں۔چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے افتتاح کا دن میرے لئے ایک یادگار اور بے حد خوشی کا موقع ہے۔اپ گریڈیشن کے بعدچلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی بلاک کا معائنہ کیاہے اورمریضوں کا علاج ہوتے دیکھا ہے، بہت خوشی ہوئی ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا اورکاروباری شخصیات کو جاری کئے گئے این او سیز کے سرٹیفکیٹ دئیے۔بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں 24صوبائی ووفاقی محکموں کے کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں اور124این او سیز کا اجرا ایک چھت تلے 14روز میں ہو گا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی پراجیکٹ ہیڈ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں 22 صوبائی اور 2 وفاقی محکمے سروسز فراہم کر رہے ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ کے بعد ملتان میں بھی بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرفنکشنل کر دیا گیا ہے۔ فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر ز جلد فنکشنل کردیئے جائیں گے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے شجاع آباد فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اورپراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ شجاع آباد فلائی اوور پراجیکٹ کا مجموعی طور پر 80فیصدسے زائد کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ فلائی اوورکو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، عوام کی سہولت کے لئے فلائی اوور کی بروقت تکمیل بے حد ضروری ہے۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔محسن نقوی نے ملتان میں حضرت شاہ شمس تبریزکے مزار کا دورہ کیا اورحضر ت شاہ شمس تبریز کے مزار کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو ضروری ہدایات دیں۔

صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، سیکرٹریز، تعمیرات و مواصلات، صحت، صنعت، صدر ملتان چیمبر آف کامرس،کاروباری شخصیات،سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب، کمشنر ملتان، آر پی او ملتان، سی پی او ملتان، ڈپٹی کمشنر ملتان، پرنسپل ملتان میڈیکل کالج، ایگزیکٹو ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال ملتان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔