وزیراعلی محسن نقوی کا گوجرانوالہ کا دورہ
Image

گوجرانوالہ:(ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کے ہمراہ گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ کوچ میں سفراورلاہور سیالکوٹ موٹروے لنک روڈ ، گوجرانوالہ ایکسپریس وے پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیااور تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پرانہوں نے اسفالٹ کے کام کاجائزہ لیتے ہوئے اعلی معیار کے ساتھ اسے مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے لاہور،سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کیلئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کابھی حکم دیااورکہا کہ منصوبے کے اطراف پودے اور لینڈ سکیپنگ کا کام بھی فوری شروع کیا جائے۔

اس موقع پروزیراعلی پنجاب محسن نقوی کاکہناتھا کہ گوجرانوالہ ایکسپریس وے جدید سفری سہولیات کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،جس کے بعد گوجرانوالہ سے لاہور کا سفر 45 منٹ میں طے ہو گااورہزاروں مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولت حاصل ہو گی۔

جبکہ 31جنوری تک گوجرانوالہ ایکسپریس وے ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی۔وزیراعلی پنجاب کوایف ڈبلیواوحکام نے بریفنگ میں بتایاگیا کہ پراجیکٹ کا مجموعی طور پر 85فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔اس موقع پرصوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر،عامر میر،بلال افضل ،مشیر وہاب ریاض،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر گوجرانوالہ، آر پی او،سی پی او گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ، ایف ڈبلیو او اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

بعدازاں وزیراعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ بزنس فیسیلٹیشن سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر شروع کئے ہیں،جہاں124قسم کے این او سیز فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ24صوبائی اور 2وفاقی ادارے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں سروسز فراہم کررہے ہیں۔بزنس فیسیلٹیشین سنٹر میں چاہے ایل ڈی اے کا ہو یا گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا این او سی اوہو،ان سمیت 124مختلف این اوسیز کا اجراء ہو گا۔

انہوں نے بتایاکہ نیا کاروبار شروع کرنے کیلئے تمام این او سیز 14دن کے اندر بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فراہم کرے گا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا،صوبائی و وفاقی محکموں کاونٹرز کا معائنہ کیا، عملے سے مصافحہ کیا اوراین او سیز کا اجراء مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی پراجیکٹ ہیڈ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سکوائش اکیڈمی کا دورہ کیا ، سکوائش کے کھیل کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران صوبائی مشیر وہاب ریاض نے سکوائش کھیلی۔انہوں نے گوجرانوالہ جم خانہ کا بھی افتتاح کیا اورکہا کہ گوجرانوالہ کے روڈز پر کام شروع ہو چکا ہے ،جی ٹی روڈ پر فلائی اوور بنایا جائے گا،چند دا قلعہ کافلائی اوورڈیزائن فائنل کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

انہوں نے چن دا قلعہ سے پہلے آنے والے برج کو سگنل فری بنانے کیلئے کمشنر گوجرانوالہ کو ہدایت بھی کی ۔انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ یونیورسٹی پر کام چل رہا ہے،ہسپتال بھی اپ گریڈ ہورہے ہیں،گوجرانوالہ میں برن یونٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جوجلد مکمل ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ کھیالی بائی پاس بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔

وزیراعلی پنجاب نے امید ظاہرکی آنے والے حکومت یہ پراجیکٹس جاری رکھے گی کیونکہ یہ عوام کی فلاح کے منصوبے ہیں ،عوام کو منصوبوں کی اونر شپ لینی ہو گی جس سے پراجیکٹس جاری رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ میں پارک اور سٹیڈیم بنانے کے حوالے سے آئندہ چند روز میں فیصلہ کر لیں گے۔