انجری نہ ہو اس لئے ٹیم مینجمنٹ نے آخری ٹیسٹ میں آرام کروایا: شاہین آفریدی
Image
آکلینڈ :(سنو نیوز) قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا میرے لئے فخر کی بات ہے، میں بالکل فٹ ہوں، ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے ہی اولین ترجیح رہی ہے۔ کپتان نے کہا کہ انجری نہ ہو اس لئے ٹیم مینجمنٹ نے آرام کروایا، سیریز ہار چکے تھے اس لئے بھی تیسرے ٹیسٹ میں آرام کیا، بحیثیت ٹیم ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بہت اچھا کھیلتے ہوئے آرہے ہیں،ورلڈ کپ سے پہلے 17 میچز ہیں جن میں غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صاحبزادہ فرحان، عامر جمال اور اعظم خان کا کم بیک ہوا ہے،بابر اور رضوان بہترین اوپننگ جوڑی ہے، ورلڈ کپ سے پہلے کمبینیشن بنانے کے لئے بیٹنگ آرڈر پر تجربہ کریں گے، ٹیم کامیاب ہوتی ہے تو سب ساتھ ہوتے ہیں شکست میں بھی سپورٹ کرنی چاہیے۔ شاہین آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم کی فارم خراب نہیں وہ بہترین کرکٹر ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں ہر گیند 140 پلس نہیں کر سکتے، جسم ہے کوئی مشین نہیں وقت دینا پڑتا ہے، کوشش کر رہا ہوں کہ خود کو مزید فٹ کروں۔ دوسری جانب سنو نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی ٹی ٹونٹی جوڑی کو توڑنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔آسٹریلیا دورے کے دوران ٹیم مینجمنٹ نے صائم ایوب اور فخر زمان کو اوپننگ کروانے کا پلان بنایا گیا ہے۔ مزید پڑھیں https://sunonews.tv/11/01/2024/latest/63938/ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کا ذکاء اشرف اور ٹیم مینجمنٹ کے سامنے احتجاج کرنا کام کرگیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے اب محمد رضوان اور صائم ایوب کو نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ جوڑی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بابر اعظم کو ون ڈائون جبکہ فخر زمان ٹو ڈاون بھیجنے کی تیاریاں کی جا چکی ہیں ۔دیگر کھلاڑیوں کے تاحال نمبرز کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔محمد رضوان نے ذکاء اشرف کے سامنے ٹی ٹونٹی اوپننگ سے ہٹانے کے پلان پر بات کی تھی۔محمد رضوان نے محمد حفیظ کے سامنے بھی ٹی ٹونٹی اوپننگ سے ہٹانے پر احتجاج کیا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 12 جنوری کو کھیلا جائے گا۔