شاہ محمود قریشی نے جہانگیر ترین کی جماعت کو "مردہ مریض" قرار دیدیا
Image

لاہور: (سنو نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے جہانگیر ترین کی نئی سیاسی پارٹی "استحکام پاکستان" کے قیام پر ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے اس جماعت کو "ڈیڈ آن آرائیول" قرار دیدیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کی مثال ایک ایسے مریض کی ہے، جسے ہسپتال لایا جائے لیکن چیک اپ کے بعد ڈاکٹر اسے مردہ قرار دیدیں۔یہ بات انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر ضمانت منظور ہونے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہی۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نئی سیاسی جماعت میں بڑے وزنی سیاست دان شامل ہوئے ہیں، ہر سیاست دان کو حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے، میں سمجھتا ہوں کہ آئی پی پی میں شامل ہونے والے سیاستدانوں نے اپنا حق استعمال کیا ہے۔

تاہم انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کو "ڈیڈ آن آرائیول " قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی مثال ایسے مریض جیسی ہے جسے ڈاکٹر معائنے کے بعد مردہ قرار دیدیں۔میں تو آئی پی پی کے قیام پر یہی کہوں گا۔

اس موقع پر ان سے ایک صحافی نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے بات کرنے کی کوشش کی تو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اس وقت صرف بجٹ اور اپنی مرضی سے بات کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی جانب سے جو بجٹ پیش کیا گیا ہے، اس میں کئی بار ترمیم ہوتی رہے گی، رواں سال 12 اگست کو پارلیمنٹ کی معیاد ختم ہونے جا رہی ہے، اس کے بعد آنے والی نگران حکومت اس پر نظر ثانی کرے گی جبکہ انتخابات کے بعد آنے والی نئی حکومت بھی ایسا ہی کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسحاق ڈار نے معیشت کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیل دیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کوبجٹ میں کوئی رعایت نہیں دی گئی۔ بجٹ میں قوم کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔

تنخواہوں میں اضافے پر پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو بڑھا دیا گیا ہے لیکن اس کیلئے حکومت پیسہ کہاں سے لائے گی؟

پی ٹی آئی کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک وفاقی پارٹی ہے، اس کا مستقبل مجھے روشن نظر آ رہا ہے۔ اس کی حمایت اور سوچ پورے پاکستان میں موجود ہے۔

404 - Page not found

The page you are looking for might have been removed had its name changed or is temporarily unavailable.

Go To Homepage