چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی پاکستانی ٹیم کو ون ڈے میں عالمی نمبر ون بننے پر قوم کو مبارکباد
Image
لاہور:(سنو نیوز)چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ون ڈے انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ون بننے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل جیت کر عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، یہ بہت ہی خوشی کا موقع ہے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں،مجھے اس ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں، مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب وہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہورہی ہے وہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی۔یہ عالمی رینکنگ تبدیل ہوتی رہتی ہیں لہذا یہ جو خوشی ملی ہے اسے منایا جائے۔