ٹرمپ نے ایران پر حملے کیلئے نئی تاریخ کا عندیہ دے دیا
فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے معاملے پر کوئی جلد بازی نہیں کر رہا اور نئے سال کے آغاز کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کا جوہری پروگرام روک چکا ہے، جس کے بعد تہران کیلئے جوہری ہتھیار تیار کرنا پہلے سے زیادہ مشکل ہوگیا ہے، ایران اب کیمیائی گیسوں اور دیگر ذرائع پر توجہ دے رہا ہے۔
انٹرویو کے دوران جب امریکی صدر سے سوال کیا گیا کہ کیا ایران پر ممکنہ نیا حملہ اسی وقت کیا جاسکتا ہے جب رواں سال فروری کے آغاز میں جنگ شروع ہوئی تھی تو انہوں نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے ایران کی مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق انٹیلی جنس معلومات امریکا کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موساد کے سربراہ نے اپنے حالیہ دورہ امریکا کے دوران ایران کے خلاف مشترکہ فوجی حملوں کی دوبارہ حمایت کی۔
تاہم ایران واشنگٹن میں ممکنہ کیمیائی حملوں سے متعلق میڈیا رپورٹس کو پہلے ہی بے بنیاد قرار دے کر مسترد کرچکا ہے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر امریکا اور ایران کے آئندہ اقدامات پر نظریں مرکوز ہیں۔