بغیر اجازت حج کرنے پر سخت پابندی کا بڑا اعلان
Hajj permit rules Saudi Arabia
فائل فوٹو
ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے حج کے دوران نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے بغیر اجازت حج کرنے والوں کیخلاف سخت اقدامات کا اعلان کر دیا۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ حج کیلئے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

حکام کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے یا اس کی کوشش کرنے پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس کے علاوہ غیرقانونی حجاج کو پناہ دینے یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والوں پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

وزارت داخلہ نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ وزٹ ویزے پر آنے والے افراد کو مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات تک پہنچانے والے افراد بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، ان پر بھی بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ غیرقانونی حج کی کوشش کرنے والوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر 10 سال کیلئے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی، یہ سخت اقدامات حج کے دوران رش کو کنٹرول کرنے اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی کرنسی کی قدر میں غیر معمولی اضافہ

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک نافذ العمل رہیں گی، زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پابندی کریں اور صرف باقاعدہ اجازت نامے کے ذریعے ہی حج کی ادائیگی کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔