پاسداران انقلاب کے مطابق ایران نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگر ایرانی صنعتی تنصیبات پر حملے جاری رہے تو اس کے جواب میں اسرائیلی اور خطے میں موجود امریکی صنعتی مراکز کو نشانہ بنایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی واسرائیلی کارروائیوں کے ردعمل میں پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس اور بحری افواج نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، نشانہ بنائے گئے اہداف میں متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں قائم امریکی اسٹیل انڈسٹریز، بحرین میں امریکی ایلومینیم صنعت کے وہ حصے جو گزشتہ حملے میں محفوظ رہے تھے شامل ہیں۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے کہا گیا کہ اسرائیلی اسلحہ ساز ادارہ رافیل اور منامہ کے قریب امریکی فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، میزائل و ڈرون حملے میں درجنوں امریکی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ حملے کے مقامات کو فوری طور پر سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔
ایرانی فوج کے مطابق اردن میں واقع الازرق ائیر بیس پر موجود امریکی جدید لڑاکا طیاروں کے اڈے کو ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، اردن کی الازرق ائیر بیس مغربی ایشیا میں امریکی افواج کا ایک اہم اسٹریٹجک مرکز اور کمانڈ پوسٹ ہے جہاں سے جدید لڑاکا طیاروں ، جاسوسی اور حملہ آور ڈرونز کی کارروائیوں کی نگرانی کی جاتی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملہ، سابق وزیرخارجہ کمال خرازی زخمی،اہلیہ شہید
حکام کی جانب سے کہا گیا کہ اس اڈے کو نشانہ بنانے کا مقصد دشمن کی فضائی جنگی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے ایرانی علاقے شیراز کی فضاؤں میں ایک جدید اسرائیلی ہرمیس 900 ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق مذکورہ ڈرون کی بروقت نشاندہی اور مسلسل نگرانی کے بعد اسے کامیابی سے مار گرایا گیا، یہ کارروائی ملک کے مربوط فضائی دفاعی نظام کے تحت کام کرنے والے جدید دفاعی سسٹم کے ذریعے انجام دی گئی۔