سعودی عرب کا ویزا ہولڈرز کیلئے اہم ریلیف کا اعلان
سعودی عرب
25 فروری 2026 تک ایکسپائر ہونے والے ویزوں پر خصوصی رعایت دی گئی/ فائل فوٹو
ریاض (ویب ڈیسک): سعودی عرب نے ویزا ہولڈرز کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے ایکسپائر شدہ ویزوں کے اسٹیٹس کو درست کرنے کا عمل شروع کر دیا، جس سے ہزاروں غیر ملکی افراد کو قانونی سہولت میسر آئے گی۔

سعودی وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 25 فروری 2026 تک ایکسپائر ہونے والے ویزوں پر خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ اس سہولت سے وزٹ، عمرہ، ٹرانزٹ اور فائنل ایگزٹ ویزا رکھنے والے افراد مستفید ہو سکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد غیر ملکیوں کو قانونی پیچیدگیوں سے بچانا اور انہیں اپنے معاملات درست کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ویزا توسیع کے لیے آخری تاریخ 18 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اس مدت کے دوران مقررہ فیس ادا کر کے ویزا میں توسیع حاصل کی جا سکتی ہے، جس سے افراد کو مزید قیام یا اپنے معاملات نمٹانے کا وقت ملے گا۔ حکام کے مطابق یہ سہولت محدود مدت کے لیے ہے اور مقررہ تاریخ کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی شہزادی نورہ بنت عبدالعزیز وفات پا گئیں

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ 18 اپریل سے پہلے مملکت سے روانگی اختیار کرنے والے افراد پر کسی بھی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایسے افراد جن کے پاس کنفرم ٹکٹ موجود ہیں، انہیں فوری طور پر روانگی کی اجازت بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ بغیر کسی قانونی رکاوٹ کے اپنے ملک واپس جا سکیں۔

سعودی حکام نے تمام ویزا ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بروقت فائدہ اٹھائیں اور مقررہ ڈیڈ لائن سے پہلے اپنے ویزا اسٹیٹس کو درست کر لیں یا مملکت چھوڑ دیں۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، اس لیے تمام افراد کو ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

ماہرین کے مطابق سعودی حکومت کا یہ اقدام نہ صرف غیر ملکیوں کے لیے آسانی پیدا کرے گا بلکہ ملک کے امیگریشن نظام کو بھی مزید منظم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ سعودی عرب غیر ملکی ورکرز اور زائرین کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے لچکدار پالیسیاں اختیار کر رہا ہے۔