ایران کیخلاف جنگ: امریکی انتظامیہ سے پہلا استعفیٰ آگیا
ایران،اسرائیل امریکا جنگ
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے اپنے عہدے سے احتجاجاً استعفیٰ دیا/ فائل فوٹو
واشنگٹن (ویب ڈیسک): ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، جہاں ایک اہم اعلیٰ عہدیدار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے اپنے عہدے سے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا کہ ایران کی جانب سے فوری نوعیت کا کوئی براہ راست خطرہ موجود نہیں تھا۔

رپورٹ کے مطابق جو کینٹ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے خلاف جنگی صورتحال اسرائیل اور اس کی بااثر لابی کے دباؤ کے تحت پیدا کی گئی، جس پر انہیں شدید تحفظات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی میں زمینی حقائق کو نظر انداز کیا گیا۔

سیاسی و دفاعی حلقوں میں اس استعفے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق اس سے امریکی پالیسی پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔ دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے استعفے نہ صرف اندرونی اختلافات کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔
 

ضرور پڑھیں