سوئٹزرلینڈ نے امریکا کو فضائی حدود استعمال کرنے سے انکاردیا
Switzerland denies US airspace
فائل فوٹو
برن:(ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ نے امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

سوئس حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران پر حملوں میں ملوث امریکی طیاروں کو فضائی راہداری فراہم نہیں کی جائے گی۔

سوئس حکام کے مطابق یہ فیصلہ ملک کی دیرینہ غیر جانبدار خارجہ پالیسی کے تحت کیا گیا، سوئٹزرلینڈ ہمیشہ بین الاقوامی تنازعات میں غیر جانبداری برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل کرتا ہے اور اسی اصول کے تحت فضائی حدود کے استعمال کے معاملے میں بھی محتاط فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کیا جا رہا ہے جس سے تنازع میں فریق بننے کا تاثر پیدا ہو، اس کی پالیسی کا مقصد خطے میں امن اور استحکام کیلئے غیر جانبدار کردار برقرار رکھنا ہے۔

دوسری جانب امریکا میں بھی اس معاملے پر سیاسی ردعمل سامنے آ رہا ہے، امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو موجودہ جنگ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک خوفناک اور غیر مقبول جنگ میں دھکیل دیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی حملے میں ایرانی بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی شہید

برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال انتہائی پیچیدہ ہو چکی ہے اور اب خود امریکی قیادت بھی اس جنگ سے نکلنے کا واضح راستہ تلاش نہیں کر پا رہی، خطے میں مزید کشیدگی کے بجائے سفارتی کوششوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے اس فیصلے کے بعد عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ سکتی ہے۔

ضرور پڑھیں