جلاوطنی کاٹنے والے بنگلہ دیش کے نئے وزیر اعظم طارق رحمان کون؟
Tarique Rahman Bangladesh PM
فائل فوٹو
ڈھاکا:(ویب ڈیسک) بنگلادیش کی سیاست میں سیاسی انقلاب کے بعد طارق رحمان تقریباً 17 سالہ جلاوطنی کے بعد ملک کے نئے وزیراعظم بننے جا رہے ہیں۔

ان کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)، نے حالیہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا، جس کے بعد حکومت سازی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

بی این پی کے میڈیا ونگ کے مطابق پارٹی نے پارلیمنٹ میں اتنی نشستیں حاصل کر لی ہیں کہ وہ بغیر کسی اتحاد کے حکومت بنا سکتی ہے۔ اگرچہ حتمی نتائج کا اعلان ابھی بنگلہ دیش الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا جانا باقی ہے، تاہم مقامی میڈیا رپورٹس بھی بی این پی کی واضح کامیابی کی تصدیق کر رہی ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ وہ ملک کے سابق صدر ضیاء الرحمان اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے صاحبزادے ہیں، جنہوں نے ماضی میں بنگلادیش کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔ طارق رحمان گزشتہ 17 سال سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے تھے اور اب ان کی واپسی کو ایک بڑی سیاسی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلادیش میں سیاسی انقلاب، بی این پی اتحاد کی تاریخی فتح

یہ انتخابات 2024 میں طلبہ تحریک کے بعد ہونے والے پہلے عام انتخابات تھے، جس کے نتیجے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طارق رحمان کی قیادت میں نئی حکومت بنگلادیش کی سیاسی اور معاشی پالیسیوں میں اہم تبدیلیاں لا سکتی ہے۔

عوام اور سیاسی حلقوں کی نظریں اب حتمی نتائج اور نئی حکومت کے قیام پر مرکوز ہیں، جو بنگلادیش کے مستقبل کی سمت کا تعین کریں گے۔