روسی تیل پر تنازع: ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارت کو دھمکی
Trump threatens India tariffs
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل کے معاملے پر تعاون نہ کرنے کی صورت میں بھارت کو ٹیرف بڑھانے کی دھمکی دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن روسی تیل سے متعلق نئی دہلی کے مؤقف اور اقدامات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر بھارت روسی تیل کی خریداری کے حوالے سے امریکی مطالبات پر تعاون نہیں کرتا تو امریکا اس پر تجارتی ٹیرف میں اضافہ کر سکتا ہے، امریکا چاہتا ہے کہ عالمی سطح پر روس پر دباؤ بڑھایا جائے، اس مقصد کیلئے تمام شراکت دار ممالک کو مشترکہ موقف اختیار کرنا ہوگا۔

ذہن نشین رہے کہ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اس سخت مؤقف سے دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جس کیوجہ سے دو طرفہ تجارتی تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خودمختار ریاست پر یکطرفہ حملہ جنگی اقدام ہے: ظہران ممدانی

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ یہ دعویٰ بھی کر چکے ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارت روسی تیل کی خریداری بند کر دے گا، تاہم اس دعوے کے بعد بھارت کی جانب سے نہ تو اس کی باضابطہ تصدیق کی گئی اور نہ ہی واضح تردید سامنے آئی، جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی ماہرین کے مطابق بھارت توانائی کی ضروریات کے پیش نظر روسی تیل کی خریداری کو اپنی معاشی ضرورت قرار دیتا رہا ہے، جبکہ امریکا روس پر عائد پابندیوں کے مؤثر نفاذ کیلئے اتحادی ممالک سے تعاون کا خواہاں ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکام کی جانب سے تاحال صدر ٹرمپ کے تازہ بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔